بنگلورو،28؍مارچ(ایس او نیوز) کرناٹک کے لوک سبھا حلقوں میں سے 15کو ہائی کمان نے یقینی طو رپر جتانے والے حلقوں کی شکل میں نشاندہی کی ہے ۔ نشان زد ہ حلقوں میں سے کسی بھی حلقہ میں شکست ہوتی ہے تو پارٹی مخالف سرگرمیوں کا نتیجہ باور کیاجائے گا۔ اس قسم کا سخت پیغام اے آئی سی سی کے صدر راہل گاندھی نے ریاستی قائدین کو دیا ہے ۔ راہل گاندھی نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ شکست کی وجہ اور سبب بننے والے قائدین کتنے بھی بڑے اور بارسوخ کیوں نہ ہوں ان کو پارٹی سے باہر جانا ضروری ہوجائے گا ۔
ذرائع نے بتایا کہ کرناٹک کے 28حلقوں میں سے 15حلقوں میں کانگریس اور جے ڈی ایس کا اتحادضرور جیت درج کرے گا۔ راہل گاندھی کو اس قسم کی ایک رپورٹ موصول ہوئی ہے ۔ لیکن ریاست میں برسراقتدار دونوں مخلوط پارٹیوں کے قائدین کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے ۔ چند قائدین ایک دوسرے کی کھنچائی کی بھرپور کوشش کررہے ہیں ، ایک پارٹی کے امیدوار کو دوسری ساجھیدار پارٹی کے امیدوار ہرانے کیلئے سرگرداں ہیں۔ راہل نے کہا کہ اس قسم کی منفی سرگرمیوں کیلئے کون ذمہ دار ہے؟ انہیں پتہ ہے ۔ اس مرتبہ کے لوک سبھا انتخابات کانگریس پارٹی کیلئے ساکھ وبقا کامسئلہ بن گیا ہے ۔ بار بار یہ باتیں کی جانے کے باوجود چند قائدین اپنی انا اور ناک کا مسئلہ بنا کر پارٹی کی ساکھ داؤ پر لگا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چند قائدین جے ڈی ایس امیدواروں اور چند خود کی پارٹی کے امیدواروں کو ہرانے میں سرگرم ہوگئے ہیں۔جے ڈی ایس والوں کو جب یہ معلوم ہوجاتا ہے کہ کانگریس والے ان کی پارٹی کی تائید نہیں کررہے ہیں تو وہ بھی ہمارے امیدواروں کی حمایت نہیں کریں گے ۔ جس کے نتیجہ میں جن 15حلقوں میں جیت کی امید کی جارہی ہے وہاں مایوسی کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔ جو ہماری شکست کی علامت بن جائے گی ۔ اور یہ رسوا کن رویہ کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اگر جے ڈی ایس والوں سے تعاون نہ ملنے کی شکایت ہے تو کس حلقہ میں یہ شکایت ہے اس کی رپورٹ کریں تاکہ جے ڈی ایس سربراہ دیوے گوڈا کے ساتھ بات کی جاسکے ۔اس طرح کانگریس کے مقامی قائدین کا بھی معاملہ ہے ۔ اگر ہماری طرف سے کوتاہی کی شکایت دیوے گوڈا کرتے ہیں تو ضرور کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے آخری بات بتاتے ہوئے کہا کہ پارٹی اہم ہے ۔ جیت درج کرکے برسر اقتدار آنا اہم نہیں ہے ۔ اس سے پہلے یو پی اے (ترقی پسند اتحاد) 10برسوں تک بر سر اقتدار رہا ۔ اسی طرح این ڈی اے اقتدار میں ہے باور کرتے ہوئے چھوڑ دیاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق دیوے گوڈا نے آئی سی سی کے صدر راہل گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیااور کرناٹک میں جے ڈی ایس امیدواروں کی جیت میں خو کانگریس والے رکاوٹ بننے کی شکایت کی ہے۔ مزید کہا کہ آپ وزیر اعظم بنیں یہ ہماری خواہش ہے ۔ اس لئے ہم کھلے دل سے کانگریس کی تائید کررہے ہیں ۔ بدلہ میں کانگریس کے مقامی قائدین جے ڈی ایس کو شکست دینے دن رات محنت کررہے ہیں۔ یہ اچھی بات نہیں ہے ۔ اگرکانگریس اس رویہ پر قائم رہی تو ہم کو دوسری حکمت عملی طے کرناضروری ہوجائے گا۔ اس پس منظر میں راہل گاندھی نے مقامی قائدین کو انتباہ دیتے ہوئے سخت پیغام روانہ کیا ہے ۔